اسلام آباد: موسیقی کے شائقین آج ایک خاص محفل کے منتظر تھے، جہاں پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین اور معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے پرفارم کرنا تھا، تاہم موسم نے تمام منصوبہ بدل دیے۔
اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں آج 12 ستمبر کو ہونے والا یہ خصوصی کنسرٹ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ تقریب ایک فلاحی مقصد کے لیے منعقد کی جا رہی تھی، جس کی آمدنی مستحق اور کمزور طبقوں کی مدد کے لیے استعمال کی جانی تھی۔
اس پروگرام میں عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی پرفارمنس کو سب سے بڑا خصوصی حصہ قرار دیا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے موسیقی کے مداح اس ایونٹ کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔
منتظمین کی جانب سے موسم کی صورتحال کے پیش نظر تقریب منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس خبر کے بعد ان افراد میں مایوسی پائی جا رہی ہے جو اپنے پسندیدہ فنکاروں کو لائیو سننے کے لیے پروگرام میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے۔
یہ تقریب صرف تفریح تک محدود نہیں تھی بلکہ اس کا مقصد فلاحی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنا بھی تھا۔ پروگرام سے حاصل ہونے والی رقم خصوصی بچوں، یتیموں، بزرگ شہریوں، مستحق خواتین اور دیگر ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے استعمال کی جانی تھی۔
اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ منتظمین اس پروگرام کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کب کرتے ہیں اور کیا عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان آئندہ تاریخ پر بھی پرفارم کریں گے۔
آپ کیا کہتے ہیں؟ کیا ایسے بڑے کنسرٹس موسم کی وجہ سے منسوخ ہونے چاہئیں یا انہیں کسی انڈور مقام پر منتقل کر دینا چاہیے؟
