لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملتان کے ارکانِ اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملتان کے عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکانِ اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل کے حل کے لیے تجاویز اور سفارشات پیش کیں، جنہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ امور پر ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ملاقات میں ملتان کے ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا گیا، جبکہ جلالپور پیروالا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کو سراہا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان چناب پل کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے خانیوال روڈ کی توسیع اور ری ڈیزائننگ کا بھی حکم دیا، جبکہ جیل کو منتقل کرکے اس مقام پر عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی
۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقی کا فوکس صرف ایک شہر نہیں بلکہ پنجاب کے تمام 40 اضلاع ہیں، جبکہ آبادی کے تناسب سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال لاہور کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین نصب کی گئی ہے، جس سے ملتان سمیت دیگر صوبوں کے مریض بھی مستفید ہو سکیں گے۔
ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں اور سیلاب کے دوران وزیراعلیٰ، سینئر وزیر اور دیگر وزراء بحالی کے عمل تک عوام کے درمیان موجود رہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ارکانِ اسمبلی کو اپنے متعلقہ حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل تک شامل رکھا جائے۔
