خوشاب کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول مٹھہ ٹوانہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے نوجوانوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
سیشن ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی ہدایت پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر سید قمر اقبال حیدر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل محمد رمضان بلوچ، ملک محمد اکرم اعوان، محمد شفیق الرحمن، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلباء نے شرکت کی
۔
آگاہی لیکچر کے دوران طلباء کو ٹریفک قوانین، محفوظ سفر، روڈ سیفٹی، جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ کے لازمی استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
طلباء کو تیز رفتاری، ون ویلنگ، غلط پارکنگ، ون وے کی خلاف ورزی اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق آگاہی مہم کا مقصد نوجوانوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا شعور پیدا کرنا ہے تاکہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ معاشرے کے قیام میں مدد مل سکے۔
