سمندری کے نور محمد پارک میں مرکزی علما کونسل کے زیر اہتمام سالانہ تحفظ ختم نبوت و پیغام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد عامر اشرف کی زیر نگرانی ہوئی، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانی برادری 7 ستمبر 1974 کے آئینی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی آئینی حیثیت قبول کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کے
خلاف بیرونی قوتوں کی سازشوں کا مقابلہ اتحاد اور قومی یکجہتی کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔
صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور تحفظ ختم نبوت کے مشن پر کام کرنا باعث سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول اور ستمبر کا مہینہ مسلمانوں کو رحمت للعالمین ﷺ، دفاع وطن، استحکام پاکستان اور عقیدہ ختم نبوت سے تجدید عہد کا پیغام دیتا ہے۔
کانفرنس سے عمار خان یاسر، قاری سید احمد رضا شاہ رحیمی، قاری احتشام الحق، قاری محمد یونس ضیاء، حافظ محمد نصر اللہ، مولانا راشد مدنی، مولانا معاویہ حسن اور مولانا ابراہیم ضیاء سمیت دیگر علما نے بھی خطاب کیا۔
اختتام پر میزبان کانفرنس مولانا محمد عامر اشرف نے علما، مشائخ، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور میونسپل کمیٹی سمندری کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے آخر میں پاکستان میں امن و استحکام اور شہدائے اسلام و شہدائے وطن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی
