سمندری میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ٹی ایچ کیو ہسپتال اور نور محمد پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم این اے شہباز بابر، ایم پی اے راؤ کاشف رحیم خان اور اسسٹنٹ کمشنر قمر محمود منج بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ایم این اے شہباز بابر اور راہِ انسانیت کے باہمی تعاون سے قائم کیے گئے ڈائیلاسز سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، راہِ انسانیت کے نمائندگان اور متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے نور محمد پارک کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، جاری ترقیاتی کاموں اور شہریوں کے لیے دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو پارک کی صفائی، دیکھ بھال اور عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
