جوہرآباد کے یونائیٹڈ گراؤنڈ میں ملک شکیل بشیر اعوان مرحوم کی یاد میں سالانہ سپر لیگ فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
ٹورنامنٹ کا آغاز 15 ستمبر کو ہوا، جس میں مختلف کرکٹ کلبز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان، ملک سعد بشیر اعوان، ملک عمران بشیر اعوان اور ملک حمزہ شکیل اعوان کی سرپرستی میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کا استقبال کیا۔ دونوں شخصیات نے ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ خوشاب میں کھیلوں کا ٹیلنٹ موجود ہے اور ایسے مقابلوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع ملتے ہیں۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو بھی سراہا۔
تقریب کے اختتام پر ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔
