ننکانہ صاحب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھریلو سطح پر مصنوعات تیار کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی مرتبہ وومن ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔
علامہ اقبال پارک میں لگائے گئے ایکسپو کے دوران خواتین کو اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لیے مفت اسٹالز فراہم کیے گئے۔ ایکسپو میں سلائی کڑھائی کے ملبوسات، بیڈ شیٹس، گھریلو تیار کردہ اچار، بیکری آئٹمز اور دیگر اشیاء پیش کی گئیں۔
خواتین کا کہنا تھا کہ وہ گھروں میں مختلف مصنوعات تیار کرتی ہیں، تاہم انہیں اپنی اشیاء صارفین تک پہنچانے کے لیے مناسب پلیٹ فارم میسر نہیں آتا۔ مفت اسٹالز کی سہولت سے انہیں اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور آمدن کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد ہنر مند خواتین کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے ہنر کو کاروباری سرگرمیوں میں تبدیل کرسکیں۔
