خانقاہ الصوفیۃ القادریۃ شنکر مردان میں سالانہ محفلِ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایک پروقار محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد ریاض قادری نے کی، جبکہ پیرِ طریقت و رہبرِ شریعت حضرت الحاج پیر پائندہ محمد خان صاحب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت فرمائی ، اپنے خطاب میں حضرت پیر پائندہ محمد خان صاحب نے شرکاء کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں رجوع کرنے، سچی توبہ اختیار کرنے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کبھی مایوس نہ ہونے کی تلقین فرمائی۔ آپ نے نیکی اپنانے، برائی سے اجتناب کرنے اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا۔ انہوں نے سخاوت، باہمی اخوت و محبت، حقوق اللہ کی ادائیگی اور حقوق العباد کی پاسداری کو ایک صالح معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ آپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاکیزہ سیرت کو اپنی عملی زندگی میں اپنایا جائے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے اخلاق و کردار کی اصلاح کی جائے۔ مہمانِ خصوصی نے شرکاء کو فتنوں سے دور رہنے، معاشرے میں انتشار و فساد کا حصہ نہ بننے اور اولیاء اللہ کی صحبت اختیار کرنے کی نصیحت فرمائ ، محفل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سربلندی، اتحاد و اتفاق، ملکِ پاکستان کی سلامتی و استحکام اور عالمِ اسلام کی بہتری کے لیے خصوصی دعا کی گئی
